بنگلورو، 11/فروری (ایس او نیوز/ایجنسی) بنگلورو کے ایک خانگی اسکول نے چھ سالہ یو کے جی طالبہ کو فیل کردیا، جب سرپرستوں اور ماہرین تعلیم نے بچی کے تئیں بے حس رویہ پر اسکول انتظامیہ کی مذمت کی تو ریاستی محکمہ تعلیم نے اسکول انتظامیہ سے وضاحت طلب کی ہے۔
واردات دیپاہلی انیکل ٹاؤن میں واقع سینٹ جوزف اکیڈیمی کا ہے۔ ذرائع کے مطابق لڑکی کو جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہےکہ وہ فیل ہوچکی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ ایک مضمون میں نندنی نے 40 کے منجملہ 5نشانات حاصل کیے ہیں۔
بی جے پی رکن اسمبلی اور سابق وزیرتعلیم ایس سریش کمار نے اسکول انتظامیہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میں اس اسکول کا ایک مرتبہ دورہ کرنا چاہتاہوں مجھے معلوم ہونا چاہئے کہ یہ نام نہاد ادارہ بچی کے ساتھ کیا کررہا ہے؟ انہوں نے حکام کو اس ضمن میں کارروائی کرنے کی ہدایت دی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ قانون کہتا ہے کہ اول تا نہم جماعت کے طلباء کو فیل نہیں کرنا چاہیے تھا۔ انتظامیہ نے اس قاعدہ پر عمل آوری میں سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔ دوسری طرف طالبہ کے والدین نے بھی اسکول کی مذمت کی۔
بچی کے والد منوج بادل نے کہا کہ چھ سالہ بچی کے نتیجہ کا اعلان کرنا درست نہیں ہے، اس سے بچی مزید پریشان ہوگی۔“ اسکول انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ادارہ نے کسی کو بھی ناکام قرار نہیں دیا۔ نشانات کارڈ یونٹ ٹیسٹ سے متعلق تھا۔ اسکول‘ نتائج کے لیے موبائیل ایپلی کیشن استعمال کرتا ہے۔
اس کے ذریعہ کامیابی اور ناکامی کے نشانات طے ہیں۔ یہ معاملہ والدین کے علم میں لایا جاچکا ہے اور اصلاح کے لیے سافٹ ویئر کمپنی سے بھی ہم رجوع ہوئے ہیں۔ انیکل کی بلاک ایجوکیشن آفیسر جئے لکشمی نے اسکول کو نوٹس جاری کرکے اس مسئلہ پر وضاحت طلب کی ہے۔ محکمہ نے اسکول کو تحریری وضاحت داخل کرنے کی ہدایت دی ہے اور بصورت دیگر اسکول کی منظوری منسوخ کرنے کا انتباہ دیا ہے۔